ممبئی: بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کے بہترین دوست اور بھارتی ہدایتکار نے اُنہیں شکل سے بدصورت قرار دیا تھا۔
بالی ووڈ میں رومانوی ہیرو کے طور پر اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے میگا اسٹار شاہ رخ خان نے چند فلموں میں رومانوی جنونی عاشق جیسے منفی کردار بھی ادا کیے لیکن ان منفی کرداروں سے بھی اداکار کو کافی شہرت ملی۔
مداح ہمیشہ سے ہی جاننا چاہتے تھے کہ کنگ خان نے اپنے کیریئر میں جنونی عاشق کے منفی کردار کیوں کیے؟ شاہ رخ خان نے اپنی ایک تقریر کے دوران منفی کردار کرنے کی وجہ بتا دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان نے ماضی میں یونیورسٹی کے طالب علموں سے تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ بالی ووڈ میں بہت کم اداکار ایسے ہیں جنہوں نے رومانوی ہیرو سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور پھر اُنہوں نے جنونی عاشق کے منفی کردار نبھائے لیکن میں نے ایسا کیا کیونکہ مجھے ایسے کردار کرنے کی ضرورت تھی۔
مزید پڑھیں: شاہ رخ خان کے ‘آئیکونک پوز’ کے راز سے پردہ اُٹھ گیا
شاہ رخ خان نے منفی کردار کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ میرے بہت اچھے دوست جو اب بالی ووڈ کے ہدایتکار بھی ہیں، اُنہوں نے میرے کیریئر کے آغاز میں مجھے کہا تھا کہ تمہاری شکل بدصورت ہے اور اسی بدصورتی کی وجہ سے تمہیں منفی کرداروں کی آفر ہوتی ہے۔
اداکار نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے مجھے کہا تھا کہ تمہارا چہرہ چاکلیٹی ہیرو بننے کے لیے مناسب نہیں ہے۔
میگا اسٹار نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ دوست کی بات سُننے کے بعد، میں نے بھی بہت ساری چاکلیٹس کھانا شروع کردی تھیں اور پھر خوشی خوشی منفی کرداروں کی آفر قبول کی۔
مزید پڑھیں: شاہ رخ خان کے چھوٹے بیٹے ابرام خان کی بھی فلمی دُنیا میں انٹری
اُنہوں نے کہا کہ مداحوں نے جہاں میرے رومانوی کردار پسند کیے تو وہیں مجھے منفی کرداروں میں بھی پسند کیا گیا اور یہی میرے لیے سب سے بڑی کامیابی تھی۔
شاہ رخ خان نے طالب علموں سے مخاطب ہوتے ہوئے مزید کہا کہ انسان کو بڑے خواب دیکھنے چاہئیں اور اپنے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔
The post بھارتی ہدایتکار نے مجھے بدصورت کہا، شاہ رخ خان کا انکشاف first appeared on Daily Ittehad.
The post بھارتی ہدایتکار نے مجھے بدصورت کہا، شاہ رخ خان کا انکشاف appeared first on Daily Ittehad.