پشاور: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ آرٹیکل 6 اور پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ مسلم لیگ ن کے اندرونی خلفشار کا نتیجہ ہے۔
مسلم لیگ ن میں اندرونی اختلافات کا انکشاف کرتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور مریم نواز کیمپ شہباز شریف کا دھڑن تختہ چاہتے ہیں، پی ٹی آئی پر پابندی اور آرٹیکل 6 کا فیصلہ اندرونی کشمکش کی غمازی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز شہباز شریف سے اس قسم کے انہونی فیصلے کروا کر شہباز شریف کے اقتدار کا خاتمہ چاہتی ہیں، موجودہ فیصلے میں بھی نواز شریف اور راج کماری کی چھاپ واضح نظر آتی ہے، مسلم لیگ ن کے اندر اقتدار کی لڑائی اپنے منطقی انجام کو پہنچنے والی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ذی شعور شخص اس قسم کے فیصلے نہیں کر سکتا، ملک میں مکمل اندھیر نگری اور چوپٹ راج قائم ہے، عوام نے 8 فروری کو فیصلہ سنایا کہ کون کون غدار اور کون محب الوطن ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ سپریم کورٹ فیصلے کے بعد سب سے بڑا غدار چیف الیکشن کمشنر ہے، سپریم کورٹ پر حملہ کرنے والے اور ڈان لیکس والے دوسروں کو غدار کہتے ہیں، شریف خاندان کے خون میں غداری رچ بسی ہوئی ہے، اس وقت آرٹیکل 6 کے سب سے زیادہ مستحق شریف خاندان اور چیف الیکشن کمشنر ہیں۔
مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں مخصوص نشستوں پر جعلی حکومت کو سبکی ہوئی، اب پی ٹی آئی پر پابندی اور غداری کے معاملے پر پھر سے منہ کی کھانی پڑے گی۔
The post آرٹیکل 6 اور پی ٹی آئی پر پابندی ن لیگ کے اندرونی خلفشار کا نتیجہ ہے: بیرسٹر سیف first appeared on Daily Ittehad.
The post آرٹیکل 6 اور پی ٹی آئی پر پابندی ن لیگ کے اندرونی خلفشار کا نتیجہ ہے: بیرسٹر سیف appeared first on Daily Ittehad.