لاہور: جماعت اسلامی نے بجلی بلوں میں اضافے کیخلاف کل 11 اگست کو لاہور میں وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنے کا اعلان کر دیا۔
جماعت اسلامی لاہور کے امیر ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی کال پر لاہور میں بجلی کے بلوں میں اضافہ کیخلاف کل وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر احتجاج ہو گا، احتجاجی دھرنا ایک بڑے جلسہ عام میں تبدیل ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ پرامن احتجاجی جلسے میں رکاوٹ بننے کی بجائے معاونت فراہم کرے، پرامن احتجاج ہمارا آئینی حق ہے، پنجاب حکومت اور آئی جی پرامن مظاہرین کیلئے سکیورٹی اور شہریوں کیلئے ٹریفک پلان کو تربیت دیں۔
ضیاء الدین انصاری نے کہا کہ احتجاج کے حوالے سے انتظامیہ کو تحریری طور پر بھجوا چکے ہیں، کل کا احتجاج ہر صورت میں ہوکر رہے گا، عوام کو ریلیف ملنے تک حکمرانوں کا محاسبہ جاری رکھیں گے، امیر جماعت نے دھرنا موخر کیا ہے ختم نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو مطالبات پر عمل درآمد کیلئے مہلت دی ہے، کسی قسم کی کوئی ڈیل یا مک مکاؤ نہیں ہوا، اچھی طرح جانتے ہیں کہ اقتدار سے قبل بھی انہی حکمرانوں نے عوام کو مفت 300 بجلی یونٹ دینے کا وعدہ کیا تھا۔
رہنما جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ ادوار کی طرح عوام کیساتھ کسی قسم کا مذاق یا دھوکہ نہیں ہونے دیں گے۔
The post بجلی بلوں میں اضافے کیخلاف جماعت اسلامی کا کل لاہور میں دھرنے کا اعلان first appeared on Daily Ittehad.
The post بجلی بلوں میں اضافے کیخلاف جماعت اسلامی کا کل لاہور میں دھرنے کا اعلان appeared first on Daily Ittehad.