راولپنڈی : چیئرپرسن چیف منسٹر ڈائریکٹوریٹ آف ایویلوایشن، فیڈ بیک، انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ (ڈی ای ایف آئی ایم) برگیڈئر بابر علاؤالدین (ر) نے کہا ہے کہ بلدیات، صحت، تعلیم، ریونیو اور دیگر عوامی خدمت سے وابستہ تمام محکمے اپنے دفاتر میں فرنٹ ڈیسک قائم کریں، عوامی شکایات کا فوری ازالہ کریں اور کارکردگی کے بنیادی اعشاریوں سے ہر محکمہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا اور کوتاہی کی صورت میں سخت کارروائی ہو گی۔
یہ بات انہوں نے دفتر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کا دورہ کے موقع پر کہی جہاں ان کو وزیر اعلی کے خصوصی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ اور مختلف محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
برگیڈئر بابر علاؤالدین (ر) نے کہا کہ پنجاب کی پہلی صوبائی حکومت ہے جس میں محکموں میں سیاسی مداخلت بالکل نہیں کی جا رہی ہے، کوئی ٹرانسفر یا پوسٹنگ سفارش پر نہیں ہوتی جس وجہ سے تمام محکمے سیاسی دباؤ کے بغیر کام کر رہے ہیں اور تمام محکموں کیلئے ایسا ساز گار ماحول موجود ہے جس میں وہ میرٹ پر کام کرتے ہوئے اپنی کارکردگی میں بہتری لا سکتے ہیں۔ بابر علاؤالدین نے کہا کہ وزیر اعلی کرپشن کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی پر کار فرما ہیں اور تمام محکموں میں اوپر سے نیچے تک کرپٹ عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی محکموں میں نچلی سطح کا عملہ کرپشن کا گڑھ بن چکا ہے کیونکہ افسران تبدیل ہوتے ہیں مگر یہ اپنے عہدوں پر قائم رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ریونیو کے متعلق کرپشن کی بہت شکایات وصول ہوتی ہیں اور وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر ترجیحی بنیادوں پر زمین ریکارڈ کی ڈیجٹلائیزیشن میں تیزی لائی گئی ہے۔برگیڈئر بابر علاؤالدین (ر) نے کہا کہ وزیر اعلی نے مختلف شعبوں میں 100 سے زائد خصوصی اقدامات کا اعلان کیا ہے اور وزیراعلی کے تمام خصوصی اقدامات پر عملدرآمد کی مانیٹر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کے ان خصوصی اقدامات میں پرائس کنٹرول، کسان کارڈ، خصوصی افراد کیلئے ہمت کارڈ، ستھرا پنجاب اور دیگر شامل ہیں۔برگیڈئر بابر علاؤالدین (ر) نے کہا کہ حکومتی اقدامات پر عمل درآمد سے ہی عوام کا اعتماد حاصل ہو سکتا ہے اور مختلف اضلاع کے دورے کرکے وزیراعلی کے خصوصی اقدامات میں عمل درآمد میں درپیش رکاوٹوں کو دور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کے ڈیش بورڈ کو روزانہ اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے اور وزیراعلی خود اسکی نگرانی کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ کی خصوصی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور کارکردگی کے بنیادی اعشاریوں ہر محکمہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔برگیڈئر بابر علاؤالدین (ر) نے کہا کہ پنجاب آدھا پاکستان ہے اور پنجاب میں امن کا مطلب ہے کہ پاکستان میں امن ہے اور ملک دشمن عناصر پنجاب کو مذموم مقاصد کیلئے ٹارگٹ کرنا چاہتے ہیں اور یہ کسی صورت میں بھی نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت میں 50 ارب روپے کا بنیادی مراکز صحت کی ری ویمپنگ اور تعمیر نو کا منصوبہ جاری ہے کیونکہ بنیادی مراکز کے بہتر ہونے سے بڑے ہسپتالوں میں رش کم ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں صحت کا تاریخ میں سب سے بڑا بجٹ ہے اور ہر ہسپتال میں موجود سہولیات کے بارے اس کی عمارت کے باہر نمایاں طور پر آویزاں کیا جائے۔برگیڈئیر بابر علاؤالدین (ر) نے کہا کہ گرانفروشی میں ملوث ہول سیل ڈیلرز کے خلاف بھی کارروائی کی جائے اور اس ضمن میں سخت اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر محکمہ میں وزیر اعلی کے خصوصی اقدامات کو نمایاں طور پر آویزاں کرے اور شعبہ تعلیم میں سکولوں کالجوں کی حالت زار کو بہتر کیا جائے اور خصوصی داخلہ مہم بھی چلائی جائے۔برگیڈئر بابر علاؤالدین (ر) نے کہا کہ کئی سرکاری سکولوں کو آؤٹ سورس کر رہے ہیں اور ان کو پرائیویٹائز نہیں کر رہے جبکہ آؤٹ سورس اداروں کی نگرانی کریں، ان میں داخلوں میں اضافہ ہونا چاہیے اور جو آؤٹ سورس ادارے درست نہیں چل رہے انکے منتظمین کے خلاف کاروائی ہو گی۔برگیڈئر بابر علاؤالدین (ر) نے کہا کہ سوشل میڈیا پر کسی محکمہ کے خلاف جو بھی خبر چاہے وہ درست ہو یا غلط اس پر فوری کاروائی کریں یا وضاحت پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسا معاشرہ بن چکے ہے جہاں ہم تنقید نہیں بلکہ نفرت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں 20 سے 25 سال میں سہولیات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
The post عوامی خدمت کے محکمے دفاتر میں فرنٹ ڈیسک قائم کریں، برگیڈئر بابر علاؤالدین (ر) first appeared on Daily Ittehad.
The post عوامی خدمت کے محکمے دفاتر میں فرنٹ ڈیسک قائم کریں، برگیڈئر بابر علاؤالدین (ر) appeared first on Daily Ittehad.